پاکستان ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق نے ایک یوٹیوب ویڈیو میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرکٹ میں ایک جادوگر بھی آیا ہے کیونکہ اس کے بولنگ ایکشن اور بیٹسمینوں کو گیند کرانے کے بعد دیکھنے کے انداز سے مجھے ایسا ہی لگتا تھا جیسے وہ جادوگر ہے جس کی بڑی بڑی آنکھیں ہیں۔ انضمام الحق نے کہا کہ میں سری لنکا کے سابق اسپنر مرلی دھرن کی بات کر رہا ہوں جو ایک عظیم بولر ہیں اور انہوں نے بہت اچھی کارکردگی دکھائی۔ ان کا کہنا تھا کہ ریکارڈ بنتے ہی ٹوٹنے کے لیے ہیں لیکن مرلی دھرن کی 800 ٹیسٹ وکٹوں کا ریکارڈ ٹوٹتا ہوا مشکل نظر آ رہا ہے۔ سابق کپتان نے بتایا کہ مرلی دھرن ذہنی طور پر بہت مضبوط تھے، وہ جب سارے ریکارڈز توڑنے کے قریب تھے تو گروئن انجری کا شکار ہو چکے تھے، ڈاکٹرز نے کہہ دیا تھا کہ اگر آپ نے آپریشن کرایا تو ساری زندگی کرکٹ نہیں کھیل سکیں گے۔ انضمام الحق نے بتایا کہ اس عرصے میں مرلی دھرن نے اپنی انجری چھپائی اور ان کی کسی حریف ٹیم کو پتا نہیں چلتا تھا کہ وہ کسی تکلیف سے گزر رہے ہیں۔ یاد رہے مرلی دھرن نے انٹرنیشنل کرکٹ میں 1347 وکٹیں حاصل کیں۔