بھارت کے لیگ اسپنر یزویندر چہل ابھی تک 52 ون ڈے اور 42 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں بھارتی ٹیم کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ ون ڈے کرکٹ میں 91 وکٹیں ان کے کریڈٹ پر ہیں جبکہ ٹی ٹوئنٹی میں انہوں نے 42 شکار کیے ہیں۔ انسٹاگرام لائیو سیشن میں یزویندر چہل سے پوچھا گیا کہ ویرات کوہلی، روہت شرما کین ولیمسن اور اسٹیو اسمتھ میں کونسا پلیئر اسپنرز کو زیادہ اچھا کھیلتا ہے۔ یزویندر چہل کا کہنا تھا کہ ویرات کوہلی اور روہت شرما اسپنرز کو بہت اچھا کھیلتے ہیں اس لیے یہ دونوں کھلاڑی ٹاپ پر ہیں لیکن کین ولیمسن کیخلاف بھی بولنگ کرتے ہوئے مشکل ہوتی ہے کیونکہ وہ دیر سے کھیلتے ہیں۔ انہوں نے شعیب ملک کو اسپن بولنگ کیخلاف اسٹیو اسمتھ سے بہتر پلیئر قرار دیا۔ یزویندر چہل نے ایشیاء کپ 2018 کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کیخلاف میچ میں جب شعیب ملک کو بولنگ کر رہا تھا تو وہ مشکل گیندوں پر بھی بہت آسانی سے رنز اسکور کر رہے تھے اور میں حیران بھی ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ شعیب ملک بہت تجربہ کار ہیں اور میں سمجھتا ہوں کہ وہ اسپنرز کیخلاف اسٹیو اسمتھ سے زیادہ اچھا کھیلتے ییں۔