پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی مدد کے لیے میدان میں آ گئے ہیں۔ اظہر علی نے اپنی شرٹ اور بلا نیلام کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اظہر علی نے وہ بلا نیلامی کے لیے پیش کیا ہے جس سے انہوں نے 2016 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف دبئی میں 302 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تھی۔
اظہر علی نے چیمپئنز ٹرافی 2017 کی شرٹ بھی نیلام کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اظہر علی نے کہا ہے کہ بلا اور شرٹ میرے دل کے بہت قریب ہیں، مجھے ان سے بہت لگاؤ ہے، کوشش کی ہے کہ مشکل وقت میں یہ لوگوں کے کام آئیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ زیادہ سے زیادہ رقم اکٹھی ہو گی جو متاثرین کے کام آئے گی۔ اظہر علی نے شرٹ اور بلے کی ابتدائی قیمت کم از کم 10 لاکھ روپے مقرر کی ہے۔