پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے سوشل میڈیا سائٹس پر ایک مہم شروع کی گئی ہے جس میں کرکٹرز اور شائقین کرکٹ اپنی پسند کی جوڑیاں بنائیں گے۔ ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان بابر اعظم بھی اس سوشل میڈیا مہم کا حصہ بنے۔
بابر اعظم نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو پیغام میں کہا کہ پی سی بی نے اپنے ہیروز کو یاد کرنے اور انہیں خراج تحسین پیش کرنے کا ایک زبردست سلسلہ شروع کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے کرکٹ کو بہت لیجنڈری بیٹسمین دیئے ہیں، ان سب میں سے میرے فیورٹ یونس خان اور محمد یوسف ہیں۔ بابر اعظم کا کہنا تھا کہ یوسف بھائی کی کلاس اور یونس بھائی کا ہار نہ ماننے والا جذبہ مجھے بہت پسند ہے، ہم نے ان سے بہت کچھ سیکھا ہے اور مزید بھی سیکھتے رہیں گے۔