بھارت کے سپر اسٹار بیٹسمین روہت شرما نے دو مشکل ترین بولرز کے نام بتائے ہیں جن کے خلاف کھیلتے ہوئے ان کو مشکل درپیش ہوئی۔ اپنے ایک انٹرویو میں روہت شرما نے کہا کہ بریٹ لی بہت ہی تیز بولرز تھے، 2007 میں آسٹریلیا کا پہلا دورہ کر رہا تھا تو ایک رات سو نہیں پایا اور سوچتا رہا کہ ان کا سامنا کیسے کروں گا کیونکہ وہ اس وقت مسلسل 150 کی رفتار سے بولنگ کرتے تھے۔ روہت شرما نے بتایا کہ بریٹ لی اور ڈیل اسٹین میرے دو فیورٹ بولرز تھے مگر میں کبھی بھی ان کا سامنا نہیں کرنا چاہتا تھا۔ بھارتی اوپنر کا کہنا ہے کہ ڈیل اسٹین زیادہ خطرناک تھے کیونکہ وہ تیز رفتاری کے ساتھ ساتھ سوئنگ بھی بہت اچھی کرتے تھے اور انہیں کھیلنے میں انتہائی مشکل ہوتی تھی۔ روہت شرما نے ٹیسٹ کرکٹ کے موجودہ دور میں جوش ہیزل ووڈ کو مشکل بولر قرار دیا۔