بھارتی ٹیم کے فاسٹ بولر محمد شامی نے انسٹاگرام پر لائیو سیشن کے دوران روہت شرما سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ تین مرتبہ خودکشی کرنے کا سوچ چکے ہیں۔ محمد شامی کا کہنا تھا کہ ورلڈکپ 2015 کے بعد گھٹنے کی انجری کا شکار ہو گیا تھا جس کے باعث 18 مہینے تک کرکٹ سے دور رہا اور وہ میرے کیریئر کا سب سے مشکل وقت تھا۔
انہوں نے کہا کہ جب دوبارہ کرکٹ کھیلنا شروع کی تو میری فیملی میں بہت مسائل ہو گئے تھے، آئی پی ایل 2018 سے 12-10 دن قبل میرا ایکسیڈنٹ بھی ہو گیا تھا اور دوسری جانب میری فیملی کے مسئلوں کو میڈیا میں بہت زیادہ اچھالا جا رہا تھا۔
محمد شامی کے مطابق وہ اس وقت اس حد تک پریشان ہو گئے تھے کہ تین مرتبہ خودکشی کرنے کا خیال آیا۔ انہوں نے بتایا کہ 2018 میں مجھے یہ بھی نہیں پتا ہوتا تھا کہ میں کب سو رہا ہوں اور کب اٹھ رہا ہوں۔