ٹی ٹوئنٹی کے نمبر ون بولر راشد خان نے ایک انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ انٹرنیشنل کیریئر کی ابتداء میں پاکستان ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق نے کس طرح ان کی حوصلہ افزائی کی۔ انضمام الحق کو 2015 میں افغانستان کے دورہ زمبابوے سے قبل افغان ٹیم کا ہیڈکوچ مقرر کیا گیا تھا اور اسی دورے پر راشد خان کو پہلی مرتبہ ٹیم میں منتخب کیا گیا تھا۔ راشد خان کے مطابق انضمام الحق نے نیٹ سیشن کے دوران مجھے کہا کہ جب تک میں افغانستان کرکٹ ٹیم کا کوچ ہوں تم ٹیم کا حصہ رہو گے۔ لیگ اسپنر نے بتایا کہ انضمام الحق نے مجھ سے کہا تھا کہ میں دو سے تین سال تک افغانستان ٹیم سے منسلک رہوں گا اور تم میری سب سے پہلی ترجیح ہو گے۔ یاد رہے انضمام الحق نے 2016 میں افغانستان ٹیم کے ہیڈکوچ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا کیونکہ انہیں پاکستان ٹیم کا چیف سلیکٹر مقرر کر دیا گیا تھا۔