پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ فکسنگ سے متعلق کوئی بھی پرانا کیس نہیں کھولا جائے گا۔ کورونا وائرس کے باعث جہاں کرکٹ کی سرگرمیاں معطل ہے وہیں فکسنگ کے پرانے کیسز پر ایک مرتبہ پھر بحث شروع ہو گئی ہے۔ پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ پرانے کیسز کی تحقیقات کے بعد کھلاڑیوں کو سزائیں ہو چکی ہیں اور کوئی بھی پرانا کیس نہیں کھولا جائے گا۔ پی سی بی میچ فکسنگ کے قانون کو جلد حتمی شکل دے کر کھیلوں کی وزارت کو بھجوائے گا تا کہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جاسکے۔ پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر قانونی ماہرین کی مدد سے نئے قانون کے مسودے کی تیاری میں مصروف ہیں۔ چیئرمین پی سی بی احسان مانی بھی کہہ چکے ہیں کہ کرکٹ کرپشن کے قانون کو پارلیمنٹ سے پاس کرائیں گے تا کہ مستقبل میں کوئی کھلاڑی یہ جرم کرتے وقت دس بار سوچنے پر مجبور ہو۔