پاکستان کرکٹ میں ان دنوں کھلاڑیوں کی جانب سے ایک دوسرے پر الزام تراشیوں کا سلسلہ جاری ہے اور اس بہتی گنگا میں سابق فاسٹ بولر رانا نوید الحسن نے بھی اپنا حصہ ڈالا ہے۔ رانا نوید الحسن نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ 2009 میں یو اے ای میں نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کھیلی گئی تو کھلاڑیوں نے کپتان یونس خان کو ناکام بنانے کے لیے جان بوجھ کر خراب کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ رانا نوید الحسن نے بتایا کہ وہ بھی اس سازش کا حصہ تھے مگر اس وقت سازش میں اتنے بڑے نام شامل تھے کہ میں آج بھی ان کا نام نہیں لوں گا کیونکہ اگر نام لیا تو وہ مجھ پر غصہ ہوں گے۔ سابق فاسٹ بولر کے مطابق سازش کا مطلب یونس خان کو ہٹانا نہیں تھا بلکہ ان کی عادتیں تبدیل کرانا تھیں کیونکہ کپتان بننے کے بعد وہ بدل گئے تھے اور کسی سے کوئی مشورہ کیے بغیر جو سمجھ آتا تھا وہی کرتے تھے۔