آسٹریلیا کے وزیر کھیل رچرڈ کولبیک نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں غیرملکی ٹیموں سے زیادہ کراؤڈ کو بڑا مسئلہ قرار دے دیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آسٹریلیا کے وزیر کھیل رچرڈ کولبیک کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے باعث ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شائقین کی آمد ایک ایسا فیصلہ ہے جس پر بہت سوچ سمجھ کر قدم اٹھانا ہو گا۔ رچرڈ کولبیک نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ خالی اسٹیڈیم اور شائقین کے سامنے کھیلنا یکسر مختلف ہے اس لیے ہم ایک مناسب حکمت عملی بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، اگر ہمارے پاس مناسب قرنطینہ اور بائیو سیکورٹی پروٹوکول ہو تو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ اپنے وقت پر ہو سکتا ہے۔ بھارت کے خلاف سیریز کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ یہ دو ٹیموں کی سیریز ہے جس کا انعقاد زیادہ ممکن دکھائی دے رہا ہے۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 18 اکتوبر سے 15 نومبر تک آسٹریلیا میں شیڈول ہے۔