گیند بنانے والی کمپنی کوکابورا ایک ایسی ویکس تیار کرنے کے قریب پہنچ گئی ہے جس سے کھلاڑیوں کو تھوک یا پسینے کا استعمال کیے بغیر گیند کو چمکانے کی اجازت مل سکتی ہے۔ اس ویکس کے استعمال سے کورونا وائرس کی منتقلی کو روکنے میں مدد ملے گی۔ کرکٹ میں بولرز اور ان کے ساتھی کھلاڑی گیند کی ایک سائیڈ چمکانے کیلئے پسینے اور تھوک کا استعمال کرتے ہیں۔ گزشتہ ہفتے آسٹریلیا کے انسٹیٹیوٹ آف اسپورٹس کے رہنما ڈیوڈ اوچرڈ نے کرکٹ دوبارہ شروع ہونے پر گیند کو چمکانے کے لیے تھوک یا پسینے کا استعمال ممنوع قرار دیا تھا۔ ڈیوڈ اوچرڈ کا کہنا ہے کہ ہم ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں جب کرکٹ دوبارہ بحال ہو تو بغیر کسی خوف و ڈر کے میچز کھیلے جائیں۔ اس حوالے سے کوکابورا کمپنی کا کہنا ہے کہ ہماری تیار کردہ ویکس اس کا ایک حل ہو سکتی ہے۔