آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ اور بھارت کے ویرات کوہلی کے درمیان موازنہ کوئی نئی بات نہیں۔ دونوں کھلاڑیوں کے موازنے پر آسٹریلیا کے اوپننگ بیٹسمین ڈیوڈ وارنر کا مؤقف بھی سامنے آ گیا ہے۔ معروف کمنٹیٹر ہارشا بھوگلے کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈیوڈ وارنر نے کہا کہ ویرات کوہلی جذبے کے ساتھ کھیلتے ہیں جبکہ اسٹیو اسمتھ صرف وکٹ پر جا کر رنز بنانا چاہتے اور وہ اس سے بہت زیادہ محظوظ ہوتے ہیں۔ ڈیوڈ وارنر کا کہنا تھا کہ دونوں ہی گراؤنڈ میں زیادہ سے زیادہ رنز بنانے کی کوشش کرتے ہیں کبھی کوئی آگے نکلتا ہے اور کبھی کوئی، کرکٹ میں اس قسم کے مقابلے ایک عام سی بات ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک چیز دونوں میں مشترک ہے اور وہ ہے ذہنی مضبوطی، دونوں کسی بھی صورتحال اور کنڈیشن میں رنز بنانے کی اہلیت رکھتے ہیں۔