Recently Finished
Live Cricket
Upcoming Matches
No live scores available
View All Matches

پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ویمن ٹیم کی موجودہ اور ایمرجنگ کرکٹرز کے ساتھ وسیم اکرم اور بابر اعظم کے علیحدہ علیحدہ آن لائن سیشنز کا اہتمام کیا تھا۔ آن لائن سیشن میں مجموعی طور پر 35 خواتین کرکٹرز کو مختلف حالات میں جامع حکمت عملی اپنانے سے متعلق مشورے دیئے گئے۔
سابق کپتان وسیم اکرم اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے خواتین کھلاڑیوں کے لیے منعقدہ سیشنز میں محنت اور فٹنس کی اہمیت پر زور دیا۔ قومی ویمن ٹیم کی کپتان بسمہ معروف کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں ان سیشنز سے کھلاڑیوں کے کھیل میں نکھار آئے گا۔
بسمہ معروف نے کہا کہ دنیائے کرکٹ کی تاریخ کے چند عظیم کرکٹرز میں شامل وسیم اکرم کے سیشن سے کھلاڑیوں کو بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا۔ انہوں نے کہا کہ بیٹنگ کی صلاحیتوں سے مالا مال بابر اعظم کو سننا بھی ایک شاندار لمحہ تھا جہاں انہوں نے مختلف کنڈیشنز میں میچز کے لیے اپنی تیاری کے بارے میں بتایا۔
بسمہ معروف نے وسیم اکرم اور بابر اعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا یہ سیشنز تمام کھلاڑیوں کے لیے بہت متاثرکن رہے۔ فاسٹ بولر ایمن انور نے بھی وسیم اکرم کے ساتھ آن لائن سیشن منعقد کروانے پر پی سی بی کا شکریہ ادا کیا۔