راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر نے بھارت سمیت دنیا کی کسی بھی ٹیم کا کوچ بننے کی خواہش ظاہر کی ہے۔ ایک انٹرویو میں جب شعیب اختر سے پوچھا گیا کہ اگر بھارت سے پیشکش آئی تو کیا وہ کوچ بننا پسند کریں گے؟ جس پر ان کا کہنا تھا میرا کام اپنے تجربے سے دوسروں کو سکھانا ہے، میرے پاس جو علم ہے وہ دوسروں میں منتقل کرنا چاہتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اگر موقع ملا تو میں زیادہ جارحانہ رویہ رکھنے اور بات کرنے والے بولرز تیار کروں گا۔ کرکٹ کی تاریخ میں تیز ترین گیند کرنے والے فاسٹ بولر شعیب اختر نے کولکتہ نائٹ رائڈرز کے کوچ بننے کی بھی خواہش ظاہر کی۔
یاد رہے آئی پی ایل کے پہلے ایڈیشن میں شعیب اختر کولکتہ نائٹ رائڈرز کی نمائندگی کر چکے ہیں لیکن 2009 میں پاکستانی کھلاڑیوں پر انڈین پریمیر لیگ میں شرکت پر پابندی عائد کر دی گئی تھی۔