پاکستان کرکٹ بورڈ کی سوشل میڈیا پر جاری ڈریم پیئرز کی مہم میں آل راؤنڈر اظہر محمود اور عبد الرزاق نے عمران خان کیساتھ جوڑی بنانے کی خواہش ظاہر کی۔ اظہر محمود کا کہنا ہے کہ وہ عمران خان کے ساتھ ڈریم پیئر بنانا چاہتا ہوں کیونکہ عمران خان کو دیکھ کر ہی میں نے کرکٹ کھیلنے کا آغاز کیا تھا، عمران خان میرے پسندیدہ کرکٹر اور ہیرو تھے۔
اظہر محمود نے موجودہ کرکٹرز میں سے ڈریم پیئر کا چناؤ کرتے ہوئے کہا کہ فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کے ساتھ بولنگ کرنا چاہوں گا جبکہ بیٹنگ میں اپنا پیئر بابر اعظم کیساتھ بنانے کا خواہشمند ہوں۔
عبدالرزاق کا کہنا تھا کہ اپنے کیریئر کے دوران بڑے نامی گرامی کرکٹرز کیساتھ کھیلا لیکن میری خواہش تھی کہ عمران خان کیساتھ کھیلنے کا موقع ملے۔
سابق آل راؤنڈر نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ بولنگ اور جاوید میانداد کے ساتھ بیٹنگ کرنے کی خواہش تھی، ان دو لیجنڈز کو اپنا پارٹنر منتخب کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہو گی۔