پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد گزشتہ کافی عرصے سے سینٹرل کنٹریکٹ کی اے کیٹیگری میں شامل تھے مگر اب ان کی یہ کیٹیگری خطرے میں نظر آ رہی ہے۔ سابق کپتان سرفراز احمد کو نئے سینٹرل کنٹریکٹ کی اے کیٹیگری سے ہاتھ دھونا پڑ سکتا ہے۔ سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد سرفراز احمد کو ٹیم سے ڈراپ کر دیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی کے نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں سرفراز احمد پہلی دو کیٹیگریز کا حصہ نہیں ہوں گے۔ اظہر علی، یاسر شاہ اور بابر اعظم اے کیٹیگری میں شامل ہوں گے۔ بابر اعظم اور یاسر شاہ پچھلے سینٹرل کنٹریکٹ کی اے کیٹیگری میں بھی شامل تھے۔ نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں ٹیسٹ میچز کھیلنے والے کھلاڑیوں کی میچ فیس میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ موجودہ سینٹرل کنٹریکٹ میں اے کیٹیگری پر مشتمل کھلاڑیوں کو ماہانہ ساڑھے 11 لاکھ، بی کیٹیگری والے پلیئرز کو ساڑھے 7 لاکھ اور سی کیٹیگری والے پلیئرز کو ساڑھے 5 لاکھ روپے دیئے جا رہے ہیں۔