چیف ایگزیکٹو پاکستان کرکٹ بورڈ وسیم خان کا کہنا ہے کہ پاکستان اب دیگر ملکوں کی طرح بالکل محفوظ ملک ہے اور ٹیموں کے پاس یہاں نہ آنے کا کوئی جواز نہیں بچا ہے۔ ایک برطانوی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے وسیم خان نے کہا کہ انٹرنیشنل پلیئرز کو بھی یہاں آ کر یہ یقین ہوا کہ پاکستان میں سیکیورٹی کے حوالے سے بہت تبدیلی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری سیکیورٹی فورسز نے بہت اچھا کام کیا ہے، بارڈر پر ہونے والے ایک دو واقعات کو ملک کی سیکیورٹی سے بالکل نہیں جوڑا جا سکتا۔ چیف ایگزیکٹو پی سی بی نے کہا کہ بڑے شہروں میں سیکیورٹی بہت اچھی ہے اور برے واقعات نہ ہونے کے برابر ہیں، ہم سمجھتے ہیں کہ کوئی بھی ٹیم پاکستان آنے سے انکار نہیں کر سکتی۔ واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کا پانچواں ایڈیشن مکمل طور پر پاکستان میں ہوا مگر کورونا وائرس کی وجہ سے پلے آف مرحلے ملتوی کر دیا گیا تھا۔