معروف کمنٹیٹر اور سابق کپتان رمیز راجہ نے میچ فکسنگ میں ملوث کھلاڑیوں کی نشاندہی کے لیے جھوٹ پکڑنے والی مشین کے استعمال کی تجویز دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری خواہش تھی کہ کھلاڑیوں کی نیت کے بارے میں جاننے کا کوئی آلہ ہوتا جیسا کہ کورونا وائرس کے مریضوں کی نشاندہی کے لیے ٹمپریچر جانچنے والا آلہ استعمال ہو رہا ہے۔ سابق کپتان نے کہا کہ جھوٹ پکڑنے والا ٹیسٹ کیا جا سکتا ہے تا کہ ان کھلاڑیوں کو باہر کیا جا سکے جو میچ فکسنگ کر چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جس طرح ڈوپ ٹیسٹ لیا جاتا ہے ویسے ہی جھوٹ پکڑنے والا ٹیسٹ بھی ہونا چاہیے۔ رمیز راجہ نے مزید کہا کہ ہمیں یہ ٹیسٹ ہر سیزن میں باقاعدگی سے کرنا ہو گا تا کہ ان کھلاڑیوں کو پکڑا جا سکے جنہوں نے میچ فکسنگ کی ہے۔ رمیز راجہ کا خیال ہے کہ یہ آئیڈیا مستقبل میں بہت اہم ثابت ہو سکتا ہے۔