ایک کرکٹ ویب سائٹ نے دس بیٹسمینوں اور دس بولرز کا انتخاب کرتے ہوئے شائقین کرکٹ سے سوال کیا کہ وہ کس بیٹسمین اور بولر کا مقابلہ دیکھنا پسند کریں گے۔ پاکستان کے سعید انور کے خلاف بولنگ کرنے کے لیے بھارت کے فاسٹ بولر جسپریت بمراہ اور بابر اعظم کے خلاف بولنگ کرنے کے لیے آسٹریلیا کے سابق فاسٹ بولر گلین میکگرا کو منتخب کیا گیا۔
سابق فاسٹ بولر شعیب اختر کو آسٹریلیا کے مایہ ناز بیٹسمین اسٹیو اسمتھ کے خلاف بولنگ کرنے کے لیے چُنا گیا۔ شعیب اختر نے اس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ میں اسٹیو اسمتھ کو تین باؤنسرز سے زخمی کر کے چوتھی گیند پر آؤٹ کر سکتا ہوں۔
شعیب اختر کے ردعمل کو کچھ سوشل میڈیا صارفین نے پسند کیا جبکہ کسی نے ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔ ایک ٹویٹر صارف نے لکھا کہ دو-تین باؤنسرز ورلڈکپ 2011 میں روس ٹیلر کو بھی مار دیتے۔