سابق کپتان سلیم ملک نے اپنی بے گناہی ثابت کرنے کے لیے آئی سی سی سے رجوع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ سلیم ملک کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے انصاف نہ کیا تو سب کچھ سامنے لے آؤں گا۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلیم ملک نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ سے کئی مرتبہ رابطہ کر چکا ہوں، جب کرکٹ بورڈ میں انتخاب عالم اور سیٹھی صاحب تھے تب بھی رابطے کیے مگر بورڈ نے نظر انداز کیا اور نہ ہی میرا کیس سنا۔ سلیم ملک نے کہا کہ میں کسی کے خلاف نہیں ہوں بس یہی چاہتا ہوں کہ دیگر کرکٹرز کے ساتھ جو بہتر سلوک کیا گیا وہ میرے ساتھ بھی کیا جائے۔ انہون نے کہا کہ جسٹس قیوم کی رپورٹ دیکھ کر بہت سے صحافی جو پہلے پڑھتے نہیں تھے وہ بھی اب سمجھ گئے ہیں۔ سابق کپتان نے واضح کیا کہ پی سی بی جواب نہیں دیتا تو آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ کے دروازے سب کے لیے کھلے ہیں۔