پاکستان ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے قانونی مشیر تفضل رضوی کے قانونی نوٹس کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ مجھ پر الزام لگا کر میری توہین کی گئی ہے اس لیے معافی مانگیں۔ شعیب اختر کے وکیل ابوذر سلمان نیازی نے تفصیلی جواب میں تفضل رضوی سے معافی کا مطالبہ کیا۔
قانونی نوٹس کے جواب میں انہوں نے لکھا کہ میرے موکل مشہور کرکٹر رہے ہیں، ان کا تجزیہ غیرجانبدار اور تنقیدی ہوتا ہے جس کا مقصد پاکستان کرکٹ ٹیم کی کارکردگی کو بہتر بنانا ہے۔
شعیب اختر کے وکیل نے پانچ صفحات پر مشتمل اپنے جواب میں کہا ہے کہ تفضل رضوی کا قانونی نوٹس شعیب اختر کو آئین کے تحت حاصل آزادی اظہار کے حق کے منافی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تفضل رضوی نے انٹرنیٹ کے حوالوں کو بنیاد بنا کر شعیب اختر کو قانونی نوٹس بھجوایا، نوٹس میں دیئے گئے انٹرنیٹ کے حوالے ہتک عزت آرڈیننس کے زمرے میں نہیں آتے۔