اسپاٹ فکسنگ کی پیشکش رپورٹ نہ کرنے پر بنگلہ دیش کے آل راؤنڈر شکیب الحسن پر دو سال کے لیے پابندی عائد کی گئی تھی۔ شکیب الحسن پر تین چارجز لگا کر پابندی لگائی گئی تھی اور وہ رواں سال اکتوبر میں پھر سے کرکٹ میں واپسی کریں گے۔ اپنے ایک انٹرویو میں شکیب الحسن نے غلطی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس عرصے کے دوران میں نے سیکھا کہ زندگی میں کسی بھی لاپرواہی کو ہلکا نہیں لینا چاہیے ورنہ بہت بھاری پڑ سکتا ہے۔ شکیب الحسن کا کہنا ہے کہ یہ ان کے لیے بہت ہی مشکل وقت ہے کیونکہ کھیل سے دور رہنا قطعی طور پر آسان نہیں مگر میں اپنی فیملی کا شکر گزار ہوں جس نے میرے اس وقت کو بہتر انداز میں گزارنے میں کردار ادا کیا۔ شکیب الحسن نے کہا کہ اب میری ساری ساری توجہ کرکٹ میں واپسی پر مرکوز ہے، مجھے معلوم ہے واپسی کے بعد پھر سے اسی فارم کے ساتھ شروع کرنا آسان نہیں ہو گا مگر میں اس کے لیے سخت محنت کروں گا۔