انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ناصر حسین نے اوئن مورگن کو ون ڈے اور کین ولیمسن کو ٹیسٹ کرکٹ کا بہترین کپتان قرار دے دیا۔ اپنے ایک انٹرویو میں ناصر حسین نے کہا کہ محدود اوورز کی کرکٹ میں کپتانی کرنا بہت مشکل ہو گیا ہے کیونکہ بیٹسمینوں کی کرکٹ میں بولرز کو بہت سی مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوئن مورگن دباؤ کی صورت حال میں بہترین فیصلے لیتے ہیں اور یہی انگلینڈ کرکٹ کی ترقی کی وجہ ہے اور ہم نے ورلڈکپ بھی اسی وجہ سے جیتا۔ ویرات کوہلی کی قیادت میں بھارتی ٹیسٹ ٹیم شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کر رہی ہے مگر ناصر حسین نے کین ولیمسن کو ٹیسٹ کرکٹ کا بہترین کپتان قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس کھیل کے سفیر ہیں، جس طرح وہ محدود وسائل اور کھلاڑیوں میں ٹیم کو آگے لے کر چل رہے ہیں وہ واقعی قابل تعریف ہے۔