کورونا کی عالمی وبا کے پیش نظر شائقین کرکٹ مارچ کے بعد سے اب تک کرکٹ دیکھنے سے محروم ہیں لیکن اب کرکٹ کے میدان دوبارہ آباد ہونے کو تیار ہیں۔ ویسٹ انڈیز میں نئی ٹی ٹین لیگ منعقد کی جا رہی ہے جو 22 مئی سے شروع ہو گی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ونسی پریمیر لیگ کا پہلا ایڈیشن 22 مئی سے 31 مئی تک کھیلا جائے گا جس میں چھ ٹیمیں حصہ لیں گی۔ چھ ٹیموں میں بوٹانک گارڈنز، سالٹ پونڈ، ڈارک ویو، فورٹ چیورولیٹ، لاسوفائیر اور گریناڈا ڈائیورز شامل ہیں۔ ٹی ٹین لیگ میں ویسٹ انڈیز کے ڈومیسٹک کرکٹرز شامل ہیں اور اگر پہلا ایڈیشن کامیاب رہا تو پھر اگلے سال بڑے کھلاڑی شامل کیے جا سکتے ہیں۔ کرکٹ میں آخری بڑا میچ کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان 15 مارچ کو کراچی میں کھیلا گیا تھا جس کے بعد سے کئی انٹرنیشنل سیریز اور آئی پی ایل ملتوی ہو چکی ہے۔