کورونا وائرس کے باعث دنیا بھر میں کرکٹ کی سرگرمیاں مارچ سے معطل ہیں اور کوئی پریکٹس سیشن بھی منعقد نہیں کیا جا رہا۔ اس صورتحال میں انگلینڈ کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے کرکٹ کی رونقیں بحال کرنے میں پہل کر دی ہے۔ ای سی بی نے اعلان کیا ہے کہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم آئندہ ہفتے کے آغاز سے پریکٹس شروع کر دے گی۔
ای سی بی کے ڈائریکٹر ایشلے جائلز کا کہنا ہے کہ اس پریکٹس سیشن میں کورونا وائرس سے بچاؤ کی تمام احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں گی اور یہ پریکٹس سیشن سپر مارکیٹ جانے سے زیادہ محفوظ ہو گا۔ ایشلے جائلز کا کہنا ہے کہ اس پریکٹس سیشن میں 30 کھلاڑی شامل ہوں گے اور انفرادی طور پر پریکٹس کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ انگلینڈ ہوم میچز کی میزبانی ضرور کرے گا جس کے لیے ہم خود کو تیار کر رہے ہیں۔ انگلینڈ کو اس سیزن میں پاکستان، ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا جیسی ٹیموں کی میزبانی کرنی ہے اور یہ میچز بند دروازوں کے پیچھے کروانے کی باتیں ہو رہی ہیں لیکن کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔