پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان دو ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز ملتوی کر دی گئی ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان 12 اور 14 جولائی کو میچز شیڈول تھے۔ کرکٹ آئرلینڈ نے یہ فیصلہ اس لیے کیا ہے کیونکہ مقامی حکومت نے 10 اگست سے قبل بند دروازوں کے پیچھے میچوں کے انعقاد کو ناممکن قرار دیا تھا۔
پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ وہ ان مشکل حالات میں کرکٹ آئرلینڈ کے فیصلے کا مکمل احترام کرتے ہیں اور پی سی بی ان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ چیف ایگزیکٹو کرکٹ آئرلینڈ نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی ایک بہترین ٹیم کی میزبانی نہ کر پانے پر بہت افسوس ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے وقت کا انتظار رہے گا جب ہم ایک بار پھر کرکٹ کے میدان میں ایک دوسرے کے مدمقابل آ سکیں گے۔ دوسری جانب اسکاٹ لینڈ اور نیوزی لینڈ کے مابین ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز بھی ملتوی کر دی گئی ہے۔