پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے مزید پانچ سال تک لیگ کرکٹ کھیلنے کا عزم ظاہر کر دیا۔ برطانوی ریڈیو کو دیئے گئے انٹرویو میں شاہد آّفریدی نے کہا کہ وہ 43 سال کے ہو گئے ہیں اور اب بھی مزید 5 سال کرکٹ کھیلنا چاہتے ہیں، دنیا کی کوئی بھی فرنچائز چاہے تو مزید پانچ سال تک مجھے منتخب کر سکتی ہے۔ بوم بوم کے مطابق فینز انھیں ایکشن میں دیکھنا چاہتے ہیں اور کھیلنے کے بعد کمنٹیٹر یا کوچ بننے کا کوئی ارادہ نہیں، میرا دوسرا کیریئر میری فاؤنڈیشن ہو گی۔ شاہد آفریدی نے کہا کہ میں تکنیک پر یقین نہیں رکھتا، میری تکنیک شاید اچھی نہیں تھی لیکن میں سامنے دیوار کو دیکھتا تھا کہ چھکا کیسے لگانا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ میری اہلیہ کرکٹ سے پیار کرتی ہیں، میری مدد بھی کرتی رہی ہیں اور بچے بھی کھیل کو پسند کرتے ہیں۔ سابق کپتان نے کہا کہ وہ بحیثیت بولر ٹیم میں آئے تھے مگر شائقین کی وجہ سے بیٹنگ کے دوران مجھ پر زیادہ دباؤ رہتا تھا۔