ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کو تین ٹیسٹ میچوں کیلئے انگلینڈ کا دورہ کرنا ہے لیکن کورونا وائرس کی وبا کے باعث چند ویسٹ انڈین پلیئرز انگلینڈ کا دورہ کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ کرکٹ ویسٹ انڈیز کے چیف ایگزیکٹو جونی گریو نے اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ انگلینڈ کا دورہ کرنے کیلئے کسی بھی کھلاڑی کیساتھ زبردستی نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کھلاڑیوں سے رابطے ہیں، جو دورے کیلئے خود کو دستیاب کریں گے انہیں ہی ٹیم میں منتخب کیا جائے گا جبکہ انگلینڈ کا دورہ صرف صورتحال بہتر ہونے کے بعد ہی کریں گے۔ ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا آغاز 4 جون سے ہونا تھا لیکن انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے ملک میں کرکٹ سرگرمیوں کو یکم جولائی تک ملتوی کر دیا تھا۔ جونی گریو سے جب پوچھا گیا کہ کیا دونوں ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ سیریز ممکن ہو سکے گی تو ان کا کہنا تھا کہ دورے کیلئے پرامید ہوں لیکن ٹور صرف اس صورت میں ہو گا جب صورتحال بہتر ہو گی۔