کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں کرکٹ کی سرگرمیاں معطل ہیں اور بورڈز کو مالی مسائل کا بھی سامنا ہے۔ اس حوالے سے قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ اگر چند ماہ مزید کرکٹ نہیں ہوئی تو کرکٹ بورڈز کا دیوالیہ نکل جائے گا اس لیے احتیاطی تدابیر کے ساتھ کرکٹ باآسانی شروع کی جا سکتی ہے۔
عاقب جاوید نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو تجویز دی ہے کہ تمام کھلاڑی اور آفیشلز کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کروائے جائیں پھر انہیں ایک ہی جگہ پر رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں کھلاڑیوں کو ایک فیملی کی طرح رکھیں جبکہ کسی انٹرنیشنل ٹور سے قبل تمام کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ دوبارہ کروایا جائے۔
اس کے علاوہ سابق فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ میچز منعقد کرنے سے قبل گراؤنڈ اسٹاف کے بھی ٹیسٹ کروائے جا سکتے ہیں اور 30 ہزار تماشائیوں والے اسٹیڈیم میں پانچ ہزار تماشائیوں کو آنے کی اجازت دی جا سکتی ہے۔